ریکوڈک منصوبے کے معاہدے سے پاکستان کیلئے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، صدر مملکت

کوئٹہ: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کے معاہدے سے بلوچستان اور پاکستان کے لئے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملکر بلوچستان کی خوشحالی کے پر بھر پور توجہ دے رہی ہیں، صوبے میں روزگار، تعلیم، صحت کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ، یہ بات انہوں نے منگل کو بلوچستان ایکسیلینس ایوارڈز کی تقریب کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہی، صدر مملکت نے آن لائن تقریب بھی دیکھی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزرائ، کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، ایکسلینس ایوارڈ ز میں تعلیم ،صحت، امن و امان، آرٹس سمیت دیگر شعبہ جات زندگی میں نمایاں کارکردگی دیکھانے والے افراد میں ایوارڈز تقسیم کئے گئے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہم آہنگی سے بلوچستان کی ترقی پر توجہ دے رہی ہیں حال ہی میں دورہ گوادر کے موقع پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا، انہوں نے کہا کہ گوادر میں شمسی توانائی سے 3ہزار سے زائد گھرانوں کو بجلی فراہم کی جارہی ہے صوبے کے عوام کا روزگار بارڈر ٹریڈ سے منسلک ہے سرحدی علاقوں میں تجارت کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کا معاہدہ بیرک گولڈ سے طے پا گیا ہے یہ انتہائی اہمیت کا حامل معاہدہ ہے جس سے دنیا کے سب سے بڑے سونے اور تانبے کے وسائل میں کانکنی کی جائےگی اس منصوبے سے نا صرف پاکستان پر عائد 10ارب ڈالر کا جرمانہ ختم ہوگیا ہے بلکہ بلوچستان اور پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی صوبے کے نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور ترقی آئےگی

اپنا تبصرہ بھیجیں