وزیر داخلہ شیخ رشید نے قبل از وقت انتخابات کا اشارہ دے دیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید نے قبل از وقت انتخابات کا اشارہ دے دیا۔شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی قانون کا حصہ ہے، سندھ میں گورنر راج اور وفاق میں ایمرجنسی کا حامی تھا، مگر میرا مشورہ عمران خان نے رد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات جلدی بھی ہو سکتے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پارٹیاں بدلنے سے کوئی عزت نہیں رہتی، اتحادی دیر سے فیصلہ کرتے ہیں اچھی بات ہے سوچ کر فیصلہ کرنا چاہیئے، اتحادیوں سے امید ہے وہ اچھا فیصلہ کریں گے، حالات روز بروز بہتری کی طرف آ رہے ہیں، پاکستان میں الیکشن جلدی بھی ہوسکتے ہیں، خواہش ہے کہ ملک اور جمہوریت آگے بڑھے، پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے، جو فوج یا عدلیہ مخالف تحریک چلائے اسے سختی سے کچل دوں گا، اب ان کو فوج کا خیال آگیا ہے بہت اچھی بات ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک فوج اچھی اور عدلیہ دور اندیش ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ جے یو آئی کو ان کی ڈیمانڈ کے مطابق جلسے کی اجازت دے دی، مسلم لیگ ن کی ابھی تک کوئی جلسے کی درخواست نہیں آئی، قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، کل کوئی واقعہ ہوا تو وزارت داخلہ ذمہ دار نہیں ہوگی جب کہ ایمرجنسی قانون کا حصہ ہے لیکن عدلیہ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عثمان بزدار کہیں نہیں جارہے وہ بھی میری طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعلی عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کے فرنٹ لائن سولجر ہیں، عمران خان 27 مارچ کو تاریخی جلسہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں