دیہی علاقوں میں جاری اسکیموں کو جلد مکمل کیا جائے گا، نور محمد دمڑ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) سینئر صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ محکمہ منصوبہ بندی میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے جائزے کیلئے مستقبل قریب میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اجلاس میں  منصوبہ بندی و ترقیات کے مختلف متعلقہ شعبوں کے مجوزہ اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے طے شدہ ڈیڈلائنز کو پورا کرنے اور ان اصلاحاتی کاوشوں کے بارے میں موثر مواصلاتی چینلز کے ذریعے بروقت رابطہ کاری کو یقینی بنانے کیلیے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی اور جاری اسکیموں اور ماضی میں بنائے گئے اسکیموں کے حوالے سے رپورٹ کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ان اسکیموں کے موجودہ اسٹیٹس اور ان کے مکمل ہونے کی معیاد اور اس میں حائل مشکلات کے حوالے سے وزیر منصوبہ بندی کو آگاہی فراہم کی جاے گی وزیر منصوبہ بندی نے اس حوالے سے اپنے جاری بیان میں کہا کہ صوبے میں شفاف منصوبہ بندی اور قابل عمل منصوبے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے وژن ہے اور تمام جاری اسکیموں کو وقت مقررہ پر مکمل کرنے کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بناے جاے گا تاکہ عوام کو ہر متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرسکیں اور دیہی علاقوں میں جاری اسکیموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں