شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 4 مشتبہ افراد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروس پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے جھلر فورٹ میں آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 مشتبہ افراد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 27 اور 28 مارچ 2022ءکی رات سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع جھلر فورٹ کے علاقے میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 مشتبہ افراد مارے گئے، ہلاک ایک شخص کی شناخت زار سعد اللہ کے نام سے ہوئی جبکہ باقی کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہلاک مشتبہ افراد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ مارے گئے مشتبہ افراد سیکورٹی فورسز کے خلاف بے امنی کی کارروائیوں میں سرگرم رہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے علاقے میں بے امنی کے خاتمے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا۔


