کراچی میں 5 تا 8 مئی پھر ہیٹ ویو کا امکان
مئی کا شمار گرم ترین مہینوں میں کیا جاتا ہے، آئندہ ہفتے کراچی میں پھر ہیٹ ویو آنے کا امکان ہے۔کراچی کے شہریوں کو محکمۂ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 سے 8 مئی کے دوران شہر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہ سکتا ہے۔ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق 5 سے 8 مئی کے دوران شہر میں شدید گرمی پڑے گی اور درجۂ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہیٹ ویو کے دوران شہرِ قائد میں دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی۔ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں شمال مغربی علاقوں سے گرم ہوائیں چلنے کے باعث موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت27ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت37سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 63فیصد ہے، جنوب مغرب سے ہوائیں 14کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔