وزیر اعظم نے صحافیوں سے دھمکی آمیز خط کے چند مندرجات شیئر کردیے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں کے ساتھ تفصیلی ملاقات میں حکومت کو بیرون ملک سے موصول ہونے والا ایک دھمکی آمیز خط اور اس کے چند مندرجات شیئر کئے جن کے مطابق خط میں لکھا گیا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ دورہ روس عمران خان کا اکیلا اقدام تھا۔ خط میں کہا گیا کہ اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوجاتی ہے تو پاکستان کے مسائل کم ہوں گے، ہم عمران خان سے خوش نہیں، تحریک کی کامیابی کی صورت میں پاکستان میں سب ٹھیک ہو جائے گا تاہم اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہوجاتی ہے اور عمران خان وزیراعظم برقرار رہتے ہیں تو اس صورت میں پاکستان کےلئے سنگین نتائج ہوں گے۔ خط میں خارجہ پالیسی اور مستقبل کے تعلقات کو آپس میں جوڑا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ عمران خان کی خارجہ پالیسی آزاد ہے اور وہ عوام کو ساتھ لے کر نہیں چل رہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر عمران خان وزیراعظم رہے تو آئندہ دن مشکل ہوں گے، عدم اعتماد کامیاب ہونے پر تمام غلطیاں معاف کر دی جائیں گی۔


