دھمکی آمیز خط اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ رکوانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر اعظم کو ملنے والے دھمکی آمیز خط کی تحقیقات اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ رکوانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر،سید طارق بدر نامی شہری کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ دھمکی آمیز خط انتہائی حساس اور سنجیدہ معاملہ ہے،عوام کو ذہنی تناﺅ سے نکالنے کیلئے فوری مداخلت کی ضرورت ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے دکھائے گئے خط کی تحقیقات کا حکم دینے سمیت الیکشن کمیشن کو وفاقی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ مواد پر سیاسی جماعتوں کے ملکی سالمیت و وقار کیخلاف کردار کی تحقیقات کا حکم دیا جائے،وزیراعظم کو ملکی سلامتی کیخلاف مبینہ سازش میں ملوث سیاسی جماعتوں کیخلاف ڈیکلریشن دینے کا حکم دینے سمیت جب تک معاملے کی تحقیقات نہ ہو جائیں اسپیکر قومی اسمبلی کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے روکا جائے۔سیاسی جماعتوں کیخلاف انتخابی ایکٹ 2017 کی شق 212 کے تحت کارروائی کی جائے،ایف آئی اے کو سیاسی جماعتوں اور اراکین اسمبلی کیخلاف تحقیقات کا حکم دیا جائے۔درخواست میں وزیراعظم، چیئرمین نیشنل سکیورٹی کونسل، وزارت خارجہ، وزارت داخلہ،وزارت دفاع، وزارت قانون، سپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔


