جعفر آباد، مضر صحت اور مہنگی اشیاء فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی، قصاب گرفتار
جعفرآباد (انتخاب نیوز) ڈیرہ اللہ یار میں ماہ صیام کے دوران قصاب خانوں میں لاغر اور بیمار جانوروں کا گوشت فروخت ہونے کی شکایت پر انتظامیہ نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ایک قصاب علی احمد بنگلزئی کو گرفتار کروا دیا جبکہ مشروبات کے مختلف اسٹالز پر چھاپوں کے دوران جرمانے عائد کرکے اسٹالز سیل کر دیئے گئے ماہ صیام کے دوران منافع خور اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ قصاب بھی شہریوں کو لوٹنے اور بیمار جانوروں کا گوشت کھلانے لگے ہیں شہریوں کی جانب سے قصاب خانوں میں لاغر اور بیمار جانوروں کا گوشت فروخت ہونے کی شکایت پر اسسٹنٹ کمشنر بلال شبیر کی ہدایت پر نائب تحصیلدار محمد ظریف گولہ نے اور ویٹرنری عملے نے پولیس کے ہمراہ مختلف قصاب خانوں پر چھاپے لگائے اور گوشت کا معیار چیک کرنے کے ساتھ قیمتیں بھی معلوم کیں تاہم نائب تحصیلدار محمد ظریف گولہ نے ویٹرنری عملے کی تصدیق کے بعد ایک قصاب علی احمد بنگلزئی کی دکان سے لاغر اور بیمار جانوروں کا گوشت برآمد کرکے قصاب کو گرفتار کروا لیا جبکہ گرفتار قصاب پر پانچ ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا انتظامیہ نے شہر میں مشروبات کے اسٹالز کھلے ہونے کی شکایت پر زیروپوائنٹ کے مقام پر ایک مشروبات کے اسٹال پر پہنچ کر اسٹال کو سیل کر دیا اور اسٹال مالک پر جرمانہ عائد کیا گیا ماہ صیام میں منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے روک تھام کے لیے نائب تحصیلدار نے مختلف دکانوں پر پہنچ کر اشیا خوردونوش کی کوالٹی اور سرکاری نرخ نامے کی فہرست بھی چیک کی اس موقع پر نائب تحصیلدار محمد ظریف گولہ کا کہنا تھا کہ ماہ صیام میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کسی کو بھی منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دینگے سرکاری نرخ نامے سے زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بھاری جرمانے بھی عائد کرینگے۔


