ایک لاکھ سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں: معید یوسف
اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر کیسز بڑھنے کے بعد ایک لاکھ سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں۔اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی کا کہنا ہے کہ 38 ممالک سے 15 ہزار پاکستانیوں کو واپس لایا گیا۔ 88 ممالک سے پاکستانی واپس آنا چاہتے ہیں۔ سعودی عرب میں 15 ہزارسے زائد پاکستانی موجود ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خلیجی ممالک میں پھنسے مزدور اور دیہاڑی دار افراد کو واپس لا رہے ہیں۔ گلف ممالک میں پھنسے مزدور طبقے کے پاس وسائل نہیں۔ یو اے ای میں 70 ہزار پاکستانی موجود ہیں۔معید یوسف کا کہنا تھا کہ وطن واپس آنیوالے مسافروں کو قرنطینہ میں رکھا جاتا ہے۔ ٹیسٹ نتائج کے بعد مسافر کو گھر جانےکی اجازت دی جاتی ہے۔ اکثر بااثر مسافر بغیر ٹیسٹ کے فوری طور پر گھر جانا چاپتے ہیں جو ممکن نہیں۔ ویزہ مدت ختم ہونے والوں کو واپس لانا ترجیح ہے۔معاون خصوصی برائے قومی سلامتی کا مزید کہنا تھا کہ مسافروں کوواپسی کیلئے پروٹو کول پر عملدرآمد کرنا ہو گا۔ بہت سے ممالک ایسے ہیں جہاں پی آئی اے کو رسائی نہیں۔ امریکا کیلئے جلد پاکستانی خصوصی پرواز شروع ہو جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج سے 10 مئی کےدرمیان ہم 30 مزید پروازیں شروع کر رہےہیں۔ سرکاری ویب سائٹ کےعلاوہ مسافردیگراطلاعات کےذرائع پریقین نہ کریں۔