مسئلہ کشمیر پر خاموش نہیں رہ سکتے، افغانستان کی تعمیر و ترقی کریں گے، شہباز شریف
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پاکستان کو خارجہ محاذ پر کئی ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا، ہم دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو استوار کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی لا زوال ہے جو قیامت تک جاری رہیں گے، سی پیک کو پاکستان اسپیڈ سے چلائیں گے، منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ امریکا کے ساتھ تعلقات اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں، امریکا سے برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں لاکھوں پاکستانی آباد ہیں، پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات رہے ہیں، برطانیہ نے چاروں صوبوں میں تعلیم کے لیے فنڈز دیے، برطانیہ کے ساتھ تعلقات آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ خارجی محاذ پر پاکستان کو بے پناہ ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا، کشمیر کے مسئلے پر ہم خاموش ہوکر بیٹھ گئے۔ بدقسمتی سے بھارت سے ہمارے تعلقات بہتر نہ ہوسکے۔ نواز شرف نے بھارت سے جب امن کا ہاتھ ملایا تھا تو وہ نواز شریف تھاجس نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بھرپور تقریر کی تھی اور 2019 ء مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے قبضہ کرلیا تھا۔ کیا عمران خان نے کوئی سنجیدہ کاوش کی، کشمیریوں پر ظلم و ستم ہورہا ہے، بھارت کے ساتھ ہم اچھے تعلقات کے خواہ ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ہم کشمیریوں کو ڈپلومیٹک اور ہر طرح کی سپورٹ دیں گے، وہ ہمارے بھائی ہیں۔ میں بھارتی وزیر اعظم مودی کو مشورہ دوں گا کہ دونوں اطراف جو غربت ہے، بے روزگاری ہے، آئیں اس کا خاتمہ کریں۔ اسی طرح ہم فلسطینیوں کے بھائی ہیں ہر طرح سے ان کی آزادی کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں گے۔ افغان عوام کے لیے ہمیں آواز اٹھانا ہوگی، ان پر بہت زیادہ ظلم و زیادتی ہوئی، افغانستان میں امن و امان کے ساتھ تعمیر و ترقی کی بہت ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ زہرآلودہ پانی کو صاف کرنے میں کئی سال لگ جائیں گے، ملک کی ڈوبتی کشتی کو دریا پار لگانا ہے تو کوئی نسخہ کارگر نہیں ہوسکتا سوائے اتحاد،اتحاد،اتحاد، صورتحال بہت خراب ہے،مالک نے چاہا تو صورتحال بدلے گی۔


