عام انتخابات، صوبوں کیلئے حلقہ بندی و کمیٹیوں کی تشکیل 16 اپریل تک کردی جائیگی

اسلام آباد (انتخاب نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں عام انتخابات کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے کہا گیا ہے کہ آج سے ملک بھر میں کہیں کوئی نیا انتظامی یونٹ نہیں بنایا جائیگا، تمام صوبوں کے لیے حلقہ بندی کی کمیٹیوں کی تشکیل 16اپریل 2022 تک کردی جائیگی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹریز، صوبائی الیکشن کمشنرزکومطلوبہ نقشوں اور دستاویزات کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 2017 کی مردم شماری کے تحت حلقہ بندیوں کے کام کا بھی آغاز کردیا، متعلقہ حکام کو حلقہ بندیوں کا کام 4 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومتیں نقشہ جات و دیگر ڈیٹا فوری طور پر مہیا کریں، الیکشن کمیشن جمہوری عمل کے تسلسل،شفافیت اور قانون کیلیے آئینی کردارادا کرتا رہے گا، این اے 33 ہنگو میں 10 اپریل کوہونے والے ضمنی انتخابات اب 17 اپریل کو ہوں گے جب کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ انتخابات بروقت کروائے جائیں گے۔معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن کاوفاقی سیکریٹری خزانہ اورچیف سیکریٹری پنجاب کو طلب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں حکام کو سننے کے بعد لوکل گورنمنٹ انتخابات کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، الیکشن کمیشن آئینی وقانون طور پر خود مختار ادارہ ہے، وفاقی وصوبائی حکومتیں الیکشن کمیشن کی مالی وانتظامی تعاون کی پابند ہیں لیکن الیکشن کمیشن کو انتظامیہ معاملات میں رکاوٹیں ڈالی جاتی رہیں۔ علاوہ ازیں سیکریٹری اوراسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کو 13 اپریل کو عام انتخابات کا ایکشن پلان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ عام انتخابات سے متعلق تمام امور کی مانیٹرنگ اور ایکشن پلان بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں