جیکب آباد، مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق، ایک زخمی
جیکب آباد (انتخاب نیوز) جیکب آباد کے قریب دو موٹر سائیکلوں میں خوفناک تصادم، 2افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود قومی شاہراہ قادری دربار کے قریب دو موٹرسائیکلوں میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق اورایک شخص شدید زخمی ہوگیا، حادثے کے بعد لاشوں اور زخمی کو اہل علاقہ نے پولیس کی مدد سے لوڈر رکشہ کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا جہاں زخمی کو طبی امداد دی گئی، پولیس کے مطابق حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا ہے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت جیکب آباد کے رہائشی خادم حسین سومرو اور بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد کا رہائشی بابل ٹالانی جبکہ زخمی ہونے والے شناخت عبدالفتاح سومرو کے طور پر ہوئی ہے۔ دریں اثناء جیکب آباد میں پراسرار طور پر ہلاک ہونے والے شخص کی لاش برآمد۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود مارو شاخ کے قریب کھیتوں سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی علاقہ مکینوں نے لاش کی اطلاع حدود کی پولیس دی تو پولیس نے پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیکر ضروری کاروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کی جہاں اس کی شناخت بلوچستان کے علاقے روجھان جمالی کے رہائشی محمد عارف کے طور پر ہوئی، پولیس کے مطابق لاش پر واضح طور پر کسی قسم کے تشدد کے نشانات نہیں تاہم پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔


