پنجاب اسمبلی میں شرمناک قبضہ شدہ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں، عمران خان
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ اپنی ٹوئٹ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھاکہ پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے، واقعہ تمام جمہوری اصولوں اور آئین کیخلاف تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم ایسے شرمناک قبضہ شدہ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں حمزہ شہباز قائد ایوان منتخب ہو گئے جبکہ مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا۔ ہنگامہ آرائی اور مار دھاڑ کے بعد ن لیگ کے حمزہ شہباز بالآخر وزیراعلیٰ پنجاب منتخب۔ اجلاس کے آغاز سے ہی ایوان میں ہلڑ بازی شروع ہوئی اور تاریخ رقم ہوئی، ڈپٹی اسپیکر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ایوان میں پہلی مرتبہ پولیس بھی داخل ہوئی۔ حکومتی ارکان نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری پر لوٹے پھینکے، بال نوچے اور تھپڑ مارے۔


