فلسطین کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ ،پانچ شہری زخمی

رام اللہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے الگ الگ علاقوں میں قابض اسرائیلی فوج کے چھاپوں اور تلاشی کی مہم کے دوران پانچ فلسطینی شہریوں کو گولی مار دی گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ دو شہری براہ راست گولیوں سے زخمی ہوئے۔ انہیں علاج کے لیے جنین کے ابن سینا اسپتال لے جایا گیا۔وزارت صحت نے بتایا کہ دو فلسطینیوں کو گہرے زخم آئے ۔ ان میں سے ایک کو سر اور گردن میں گولی ماری گئی تھی جبکہ دوسرے کو پیٹھ میں گولیاں ماری گئیں۔ طبی ذرائع نے بتایا کہ ابن سینا اسپتال میں داخل زخمی کو فوری طور پر آپریشن روم میں داخل کر دیا گیا، کیونکہ ان میں سے ایک کی طبی حالت خطرے میں تھی۔صبح قابض فوج نے بڑی تعداد میں الیامون پر دھاوا بول دیا اور اس کے متعدد مکانات پر چھاپے مارے جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینیوں کے ساتھ تصادم شروع ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں