پاکستان اور چین کے باہمی منصوبے سی پیک کی تکمیل اولین ذمہ داری ہے، مولانا اسعد
اسلام آباد، کوئٹہ (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مولانا اسعد محمود نے وزارت مواصلات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد آج وزارت مواصلات اور اس کے ذیلی اداروں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔وزارت مواصلات کے کانفرنس روم میں وفاقی سیکرٹری مواصلات ظفر حسن نے وفاقی وزیر کو وزارت مواصلات کے ذیلی اداروں این ایچ اے،این ایچ ایم پی،سی ٹی ٹی کے بارے میں آگاہ کیا.اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی تعمیری عمل برق رفتاری سے شروع کردیا ہے۔ ہماری حتی المقدور کوشش ہوگی کہ عوام کی محرومیوں کا ازالہ کر سکیں اور قوم کے بنیادی مسائل کا حل یقینی بنائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف پہلے ہی دن سے لگاتار مختلف منصوبوں کا نہ صرف خود جائزہ لے رہے ہیں بلکہ ان کی بروقت اور معیاری تکمیل کیلئے متعلقہ اداروں کے حکام پر زور دے رہے ہیں کہ وہ پوری دیانتداری،انہماک اور دلچسپی سے تعمیر و ترقی کے عمل کو مکمل کرنے میں اپنی بھر پور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف عنقریب خضدار۔کچلاک شاہراہ جو کہ 330 کلومیٹر پر محیط ہے کے پہلے دو سکیشنز کا اپنے دست مبارک سے سنگ بنیاد رکھیں گے۔واضح رہے کہ یہ شاہراہ کراچی۔کوئٹہ۔چمن قومی شاہراہ N-25 کا حصہ ہے۔یہ پوری شاہراہ 813 کلومیٹر پر مشتمل ہے،جسے دوہرا کیا جارہا ہے اور2021-22 میں اس کے تعمیری عمل کیلئے3000 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چین،پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان اور چین کا باہمی اور اہم ترین منصوبہ ہے،جس کی تکمیل ہماری اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہکلہ۔ڈیرہ اسماعیل خان روٹ کو ژوب اور اس سے آگے تک مزید آرام دہ اور سہل بنایا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ آسان سفری سہولیات میسر آسکیں۔ہم خالی خولی نعروں پر یقین نہیں رکھتے۔جب تک اقتدار میں ہیں کام،کام اور بس کام ہمارانصب العین رہے گا اورتمام جاری منصوبے ان شا اللہ بروقت مکمل ہوں گے۔


