تحریک انصاف کی حکومت نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے گئی ہے،مراد علی شاہ
اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے تحریک انصاف کی حکومت نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نوری آبادی پاور پلانٹ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ مراد علی شاہ پر فردجرم دسویں مرتبہ موخر کر دی گئی۔ مراد علی شاہ کے شریک دو نئے ملزمان نے نیب ریفرنس کو چیلنج کرتے ہوئے بریت کی درخواستیں دائر کر دیں۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 30 مئی تک ملتوی کر دی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ حکومت بہت سارے مسائل چھوڑ کر گئی ہے۔ ابھی تجربہ کار ٹیم آئی ہے جو بہت جلد ان مسائل کو حل کر لے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمران خان اپنے بیانات سے خود پھرتے رہتے ہیں۔ انکو اپنے بیانات یاد ہو یا نہ ہوں عوام کو ضرور یاد ہیں۔ اب انکا بیانیہ زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صدر کا کام آئین کی پاسداری کرنا ہے۔ صدر یا تو اپنی ائینی ذمہ داری کو پورا کریں یا عہدہ چھوڑ دیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے دادو میں لگنے والی آگ پر لیٹ رسپانس کا بھی اعتراف کیا۔


