ڈیرہ اللہ یار، تنخواہیں نہ ملنے کیخلاف بلدیہ ملازمین کا احتجاجی دھرنا
ڈیرہ اللہ یار (انتخاب نیوز) عید قریب آگئی مگر میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کو تنخواہیں نہ ملیں، ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کرکے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دے دیا۔ رپورٹ کے مطابق میونسپل کارپوریشن ڈیرہ اللہ یار سے مالی بحران ٹل نہ سکا ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہیں بھی نہ مل سکیں عیدالفطر میں باقی چند دن رہ جانے کے باوجود میونسپل کارپوریشن کے ملازمین نے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث عید خریداری بھی نہیں کی اور نہ بچوں کو کپڑے لیکر دے سکے ہیں میونسپل کارپوریشن کے ملازمین نے ایمپلائز یونین کے صدر شفیع محمد کٹوہر کی قیادت میں کام چھوڑ ہڑتال کرکے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دے دیا اور نعرے بازی کی۔ احتجاجی دھرنے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میونسپل ایمپلائز یونین کے صدر شفیع محمد کٹوہر بلوچستان لیبر فیڈریشن کے ڈویڑنل چیئرمین حاجی ممتاز سومرو، میونسپل ایمپلائز کے جنرل سیکرٹری ارباب علی گولہ، شاہ مراد گولہ، نثار احمد شیخ، شوکت علی بہرانی و دیگر نے کہا کہ محکمہ بلدیات کے دیگر اداروں کو عید کی تنخواہ ایڈوانس میں ادا کی گئی ہے تاہم میونسپل کارپوریشن کے ملازمین دو ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کو مارچ اور اپریل کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں کی گئیں عید سر پر آ چکی ہے ملازمین شدید مالی پریشانی کا شکار ہیں ملازمین کے بچے نئے کپڑوں اور جوتوں کے لیے اداس بیٹھے والدین کا منہ تکتے ہیں تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو شہر کی تمام مصروف سڑکوں پر گندگی کے ڈھیر لگا کر افسران کو بھی عید کرنے نہیں دینگے۔


