دورہ سعودی عرب سٹریٹیجک تعلقات کو مضبوط کرے گا، شہباز شریف

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان اور سعودی عرب عوامی سطح پراسلامی بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں،متعلقہ حکام تعلقات خاص طور پرروزگار، توانائی، فوڈ سیکورٹی ،طویل المدتی سٹریٹیجک شراکت داری کو فروغ دینے کےلئے موثر سفارشات مرتب کریں۔پیر کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت آنے والے سعودی عرب دورے کی تیاری کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب عوامی سطح پراسلامی بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستانی اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ ان دیرینہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان تعلقات کو خاص طور پرروزگار، توانائی، فوڈ سیکورٹی اور طویل المدتی سٹریٹیجک شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے موثر سفارشات مرتب کریں۔وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے، جو دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دو طرفہ سٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وزیربرائے سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور اعلی متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں