پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے فارن فنڈنگ کیس سے بھٹکانے کی بھونڈی سازش ہے،سربلند جوگیزئی

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفاترکے باہر احتجاجی مظاہرے دراصل فارن فنڈنگ کیس تاخیری حربے استعمال کرنے کی بھونڈی سازش ہے تحریک انصاف کا ہائیکورٹ سے رجوعت کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ فارن فنڈنگ کیس ایک بہت بڑا سکینڈل ہے،اقتدار جانے کے بعد عمران نیازی اپنے ہوس و حواس کھو چکے ہیں اس لئے وہ اداروں کے خلاف سازشیں کرکے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں لیکن عوام انکے ان مذموم عزائم کو ناکام بنادے گی۔یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں بری طرح پھنس چکی ہے اور عمران نیازی فارن فنڈنگ کیس میں بچنے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر دباؤ ڈال رہے ہیں پی ٹی آئی کے الیکشن کمیشن آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرے بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس ایک بہت بڑا سکینڈل ہے اور پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں عوام کو حساب دینے کیلئے تیار نہیں ہے اور راہ فراراختیار کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اقتدار جانے کے بعد اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں اور وہ اداروں کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں اور ملک کو عدم استحکام کا شکارکرنا چاہتے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ملکرانکے ان مذموم عزائم کو ناکام بنادے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اورکسی کو بھی پاکستان میں جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنے کی سازش کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں