پاکستان میں ماہی گیری کے جدید آلات متعارف کرانے کی ضرورت ہے، ویلتھ پاک
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان میں ماہی گیری صنعت کا حجم ساڑھے 3ارب ڈالر،برآمدات 40کروڑ ڈالر،مچھلی کی عالمی برآمدات میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم،پاکستانی پانیوں میں 760 اقسام کی مچھلیاں دستیاب،114انتہائی مہنگی،مچھلی کی سالانہ پیداوار ساڑھے 4لاکھ میٹرک ٹن ہے ۔ ملک کی معاشی صورتحال پر نظر رکھنے والے معروف ادارے ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مچھلی کی برآمدات کو بڑھانے کی قابل قدر صلاحیت ہے جس کے لیے تحقیق اور مچھلی پکڑنے کی تکنیک کو جدید بنانے کی ضرورت ہے۔ اسسٹنٹ پروفیسر اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز، اسلام آباد میں اقتصادی شعبے کے کوآرڈینیٹر زاہد محمود اخترنے ویلتھ پاک کو بتایاکہ جدید کشتیاں اور ماہی گیری کے جدید آلات کو ترجیحی بنیادوں پر متعارف کرانے کی ضرورت ہے ۔ حکومت کو سمندری ماہی گیری کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینا چاہیے اور ماہی گیر برادریوں کو مالی مدد بھی فراہم کرنی چاہیے۔ ماہی گیری کے شعبے کی پائیدار ترقی ماہرین تعلیم، میڈیاکے تعاون سے مناسب طریقہ کار کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہے۔ منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے اس بات پر زور دیا کہ گوادر بندرگاہ پاکستان کے ماہی گیری کے شعبے کو فروغ دینے میں بڑا کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت چین کی مدد اور مہارت سے بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کی جدید خطوط پر ترقی صوبہ بلوچستان کی معیشت کو ترقی دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ ماہی گیری کے شعبے کو بن قاسم، گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں سے جوڑ کر صنعت کی ترقی میں مدد ملے گی اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے ماہی گیری کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ماہی گیری اور میری ٹائم زونز کے ممکنہ وسائل کے بارے میں جاننے کے لیے تحقیق کرنے پر بھی زور دیا۔ اپنی بندرگاہوں پر مناسب انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے ذریعے، پاکستان افغانستان، ایران اور وسطی ایشیائی جمہوریہ جیسے پڑوسی ممالک کے ساتھ مچھلی کی تجارت کو فروغ دے سکتا ہے۔ پاکستان اقتصادی سروے 2021 کے مطابق ملک میں سمندری غذا کی صنعت کی مالیت تقریبا 2.8 ارب ڈالر سے 3.5 ارب ڈالر ہے۔ فی الحال پاکستان سالانہ 400 ملین ڈالر کی مچھلی کی مصنوعات برآمد کرتا ہے۔ سالانہ پکڑی جانے والی کل 445,000 میٹرک ٹن مچھلی میں سے 10 فیصدبرآمد کی جاتی ہے۔ پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق جولائی تا فروری 2021-22 کے دوران ملک کی سمندری غذا کی برآمدات سال بہ سال 6.4 فیصد بڑھ کر 267 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 251 ملین ڈالر تھیں۔ پاکستان میں ماہی گیری کا شعبہ تقریبا 400,000 ماہی گیروں اور دیگر 600,000 کو متعلقہ صنعتوں میں روزگار فراہم کرتا ہے۔ پاکستان کے پانی سمندری حیات اور قیمتی انواع سے مالا مال ہیں ۔ پاکستانی پانیوں میں تقریبا 760 اقسام کی مچھلیاں دستیاب ہیں جن میں سے 114 کی بہت زیادہ قیمت ہے۔ پاکستان کی مچھلی کی برآمدات دنیا بھر کی کل برآمدات کا صرف 0.25 فیصد بنتی ہیں۔


