جامعہ کراچی واقعے سے پاک چینی تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، مولانا واسع
کوئٹہ (انتخاب نیوز) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہاسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست عدم برداشت کا شکار ہوچکی ہے، احترام کا رشتہ نہیں چھوڑنا چاہئیے، سیاست کو سیاست رہنے دیں اسے ذاتیات کی جنگ نہ بنائے، اسی میں سب کی بھلائی ہے، ملک اندرونی و بیرونی مشکلات کا شکار ہے، افراتفری پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ آئین و پارلیمان کی بالادستی ہی مسائل کا واحد حل ہے، آئینی بحران سے ملکی مسائل میں مزید اضافہ ہوگااگر آئین کا احترام نہیں ہوگا تو ملک میں انارکی پھیلے گی اور ملکی بقا کا مسئلہ بن سکتا ہے۔عوام اور پارلیمان ہی طاقت کے سرچشمے ہیں، جو اسے نہیں مانتے وہ آئین نہیں مانتے ۔ انہوں نے کراچی یونیورسٹی کے واقعے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔ اس قسم کے واقعات کے روک تھام کیلئے سنجیدہ اور مشترکہ طور پر کوششیں کرنی ہوگی۔ پاک چین دوستی لازوال ہے اور اس قسم کے واقعات سے امید ہے ان تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں تحریک انصاف کی آمد سے عدم برداشت ختم ہوگیا ہے عمران خان کی اپنی سیاسی پرورش نہ ہونے کی وجہ سے ان کے غیر سیاسی کارکنان نے سیاست میں روضہ رسول میں سیاسی نعرے بازی کی گئی۔


