شیخ رشید کی وگ اتار کرلانے والے کیلیے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان
راولپنڈی : مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم شہبازشریف کے معاون خصوصی حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ شیخ رشید کی وگ اتار کر لانے والے کو 50 ہزار روپے انعام دوں گا۔ پریس کانفرنس کے دوران حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ایماء پر مسجد نبوی ﷺ کی بے حرمتی کی منصوبہ بندی کی گئی، بدترین دشمن کے سامنے بھی کوئی مسجد میں بات نہیں کرتا، مسجد نبوی ﷺ کے افسوسناک واقعہ کی پلاننگ عمران خان اور شیخ رشید نے کی جبکہ شیخ رشید کا بھتیجا بھی پلاننگ شامل رہا۔ حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ شیخ رشید سیاسی مقابلہ کریں، جس حلقے سے شیخ رشید الیکشن لڑیں گے وہاں سے میں ان کا مقابلہ کروں گا، یہ جہاں جائیں گے انہیں انڈے اور ٹماٹر پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد نبوی ﷺ میں مریم اورنگزیب، شازین بگٹی کو گالیاں دی گئیں، ان سب لوگوں کو گرفتار کرنا چاہیے کیونکہ یہ نوازشریف یا شہبازشریف کی نہیں بلکہ مدینہ کے تقدس کی بات ہے، اس فعل میں شامل افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔


