اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو آٹا مہیا کروں گا،شہباز شریف

شانگلہ (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بشام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوام کو سستا آٹا نہیں ملا تو میں اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو آٹا مہیا کروں گا۔ شانگلہ کے علاقے بشام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وہاں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کیا جبکہ بشام کے لیے دو ارب روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے ملک میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ آٹے کی جتنی قیمت آئندہ 2 دنوں میں پنجاب میں ہوگی اتنی ہی خیبر پختونخوا میں بھی ہوگی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے یہ درخواست کروں گا کہ صوبے میں عوام کو اتنی ہی قیمت میں آٹا مہیا کریں جتنی پنجاب میں ہے، اگر ایسا نہیں کرتے تو میں اپنے کپڑے بیچوں گا اور عوام کو آٹا مہیا کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے میری آٹا سستا کرنے کی اپیل نہیں مانی تو مجھے اس صوبے کی ہر دکان پر سستا آٹا مہیا کرنے کا طریقہ آتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس قوم کی جو چیز ہے وہ آپ کی ہے، وہ چاہے جس صوبے کی ہے، وہ میں بیچوں گا اور سستا آٹا دوں گا۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے اپیل کی کہ وہ وہاں علاج مفت کردیں، اگر ایسا نہیں ہوا تو شہباز شریف حاضر ہوگا اور یہ علاج مفت کرکے دے گا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے خزانہ خالی کردیا ہے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے مدد و تعاون کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں