دہشت گردوں کے سلیپر سیلز کی تلاش میں پولیس کا کچی آبادیوں میں کومبنگ آپریشن
کراچی (انتخاب نیوز)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں چند روز کے دوران یکے بعد دیگرے تین بم دھماکوں کے بعد پولیس کی نیندیں حرام ہوگئیں، معروف تجارتی مراکز صدر اور بولٹن مارکیٹ میں ہونے والے بم دھماکوں پر وزیراعلیٰ کے سخت نوٹس اور کارکردگی دکھانے کے واضح احکام کے بعد پولیس نے بم دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش میں رات گئے سول لائنز تھانے کی حدود میں واقع ہجرت کالونی اور کلفٹن تھانے کی حدود میں واقع شاہ رسول کالونی کا رخ کیا، پولیس کی بھاری نفری نے دونوں کچی آبادیوں کے داخلی وخارجی راستوں کو سیل کرکے گھر گھر تلاشی لی، ہوٹلوں میں بیٹھے افراد کی بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے شناخت کی گئی جبکہ مجموعی طور پر 782 افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا، دونوں مقامات سے پولیس نے 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، دونوں کالونیوں میں مڈ نائٹ کومبنگ آپریشن کے دوران علاقوں کے داخلی وخارجی راستوں کو سیل کردیا گیا تھا، ایس ایس پی سائوتھ کی سربراہی میں کئے گئے آپریشن کے دوران ضلع بھر کے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے حصہ لیا، پولیس ترجمان کے مطابق کومبنگ آپریشن کا مقصد عوام کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔


