پدگ میں کارکن کی ہلاکت کے ذمے دار چیئرمین سینٹ اور ان کے بھائی ہیں، عارف جان محمد حسنی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) رکن صوبائی اسمبلی میر محمد عارف جان محمدحسنی نے پدگ پولنگ اسٹیشن پر لیویز اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں محمد انور نامی شخص کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ چیئرمین سینٹ اور انکے بھائیوں کے کہنے پر جانبداری کا مظاہرہ کر رہی ہے اورعلاقے میں تنازعات کو ہوا دے رہی ہے، محمد انور کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پدگ میں پولنگ اسٹیشن پر لیویز اہلکاروں نے فائرنگ کرکے ہمارے ایک کارکن محمد انور کو جاں بحق کیا، جس میں چیئرمین سینٹ میرصادق سنجرانی اورانکے بھائی اعجاز سنجرانی،رازق سنجرانی ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں میرعبدالقدوس بزنجو کی حکومت آنے کے بعد میر صادق سنجرانی اورانکے بھائیوں نے کمشنر رخشان ڈویژن، ڈپٹی کمشنر چاغی، اسسٹنٹ کمشنر دالبندین سمیت انتظامیہ کے من پسند افسران تعینات کروائے ہیں جو علاقے میں امن و امان کی صورتحال اور قبائلی تنازعات کوہوا دے رہے ہیں ہم نے کئی مرتبہ صادق سنجرانی اورانکے بھائیوں کو پیغامات بھی بھجوائے ہیں کہ وہ اس عمل سے باز رہیں پدگ میں دوقبائل محمد حسنی اور ساسولی کی رنجش بھی ہے جس میں دونوں جانب سے کئی لوگ مارے جاچکے ہیں لیکن اسکے باوجود وہ اس عمل سے با ز نہیں آئے جس کے نتیجے میں آج ہمارا کارکن محمد انور جاں بحق ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی تنازعات کو ہوا دینے سے علاقے کا امن و امان تباہ ہورہا ہے اگر صورتحال مزید خراب ہوئی تو اس سے کسی کا بھی دامن محفوظ نہیں رہے گا، وزیر اعلیٰ عبد القدوس بزنجو اس تمام عمل سے مبرا نہیں ہو سکتے اور وہ اسکے لئے جواب دے ہیں انہو ں نے مطالبہ کیا کہ کمشنر رخشان سمیت چاغی کی انتظامیہ کو فوری طور پر تبدیل اور محمدانور کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں