پیرس کے میوزیم میں شہرت یافتہ مونا لیزا کی پینٹنگ پر کیک سے حملہ
پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں اپنی مسکراہٹ کے حوالے سے شہرت رکھنے والی مونا لیزا کی پینٹنگ پر کیک سے حملہ۔ پیرس کے لوور میوزیم میں موجود لیونارڈو ڈی ونچی کی مشہور زمانہ پینٹنگ پر 29 مئی کو ایک شخص نے کیک دے مارا، اس کے تحفظ کے لیے موجود بلٹ پروف گلاس کے باعث وہ محفوظ رہی۔ حملہ کرنے والے مرد نے ایک معمر خاتون کا بہروپ بنایا ہوا تھا اور وہیل چیئر پر سوار تھا۔ اس شخص نے پینٹنگ کو دیکھتے ہوئے اچانک وہیل چیئر سے چھلانگ لگائی اور کیک دے مارا۔ اس واقعے کے بعد گلاس کی صفائی کے موقع کی ویڈیو پوسٹ کرنے والے ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ واقعے نے مجھے دنگ کردیا، کیک مانے کے بعد اس نے پھولوں کی پتیاں ہر جگہ اچھالی تھیں اور پھر سیکیورٹی نے اسے دبوچ لیا۔ حملہ کرنے والے شخص نے اس موقع پر فرنچ زبان میں کہا کہ زمین کے بارے میں سوچو، لوگ زمین کو تباہ کررہے ہیں۔ اس حملے سے عندیہ ملتا ہے کہ اس حملے کا ممکنہ مقصد ماحولیاتی تباہی کے حوالے سے احتجاج ریکارڈ کرانا تھا۔


