نبی کریمؐ کی محبت سے بڑھ کر کچھ نہیں، بی جے پی رہنما کے بیان پر شہباز شریف کا ردعمل
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے ترجمان کی جانب سے نبی کریمؐ کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ فاشسٹ مودی کی قیادت میں بھارت مذہبی آزادی پامال کر رہا ہے، بھارت میں مسلمانوں پر شدید ظلم و ستم جاری ہے، دنیا بھارتی انتہا پسندی کا نوٹس لے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے نبی کریمؐ کی محبت سے بڑھ کر اور کچھ نہیں، تمام مسلمان نبی کریم ؐ کی محبت اور ناموس کے لیے اپنی جان قربان کر سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور نبی کریمؐ کے حوالے سے متنازع گفتگو کی تھی۔ بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک شدیدغم وغصے کا اظہارکیا جارہا ہے۔ بھارتی شہروں میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے 1500 مسلمان شہریوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا اور متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔ کانپور میں احتجاج کی کال پر سخت سکیورٹی لگائی گئی۔ گزشتہ روز دوگروپوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی تھیں، پولیس نے یک طرفہ کارروائی کرتے ہوئے مسلمان مظاہرین پر پتھراؤ کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ ادھر بریلی میں سخت احتجاج کے پیش نظرکرفیو نافذ کردیا گیا۔


