ن لیگ آئین کی دھجیاں اڑا رہی ہے، جیلوں میں ڈالنے سے تحریک ختم نہیں ہوگی، عمران خان
اسلام آباد (انتخاب نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ ن لیگ نے دھاندلی سے ضمنی انتخابات جیتنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بنی گالا میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ حکمران جیسے ہی عوام میں جائیں گے چور اور غدار کے نعرے سنیں گے، ہم ان کو ہرائیں گے، ن لیگ آئین کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ مجھے کسی کیس میں بند کردیں اور یہ تحریک رہ جائے، جیلوں میں ڈالیں یا جو بھی کریں یہ تحریک ختم نہیں ہوگی۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، سازش کے تحت چوروں کی حکومت ہم پر مسلط کی گئی۔ ہم نے اس کیخلاف احتجاج کیا، نیشنل سیکورٹی کونسل نے کہا کہ مداخلت ہوئی، سپریم کورٹ میں مراسلہ پڑا ہے کہ باہر سے سازش کرکے حکومت گرائی گئی، بڑے ڈاکوؤں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں نبی کریمؐ کی گستاخی ہوئی حکومت اس معاملے پر سخت پوزیشن لے، حکمران بھارت سے دوستی اور بزنس ختم کریں اور توہین کے معاملے پر اسٹینڈ لیں، بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔


