پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرہ کی عمر 16 سے 17 سال متعین
کراچی (انتخاب نیوز) کراچی سے لاپتا ہوکر پسند سے شادی کرنے والی دعا زہرا کی عمرکا تعین کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دعا زہرا کی عمر 16 سے17 سال کے درمیان ہے، عمرکے تعین کا ٹیسٹ سول اسپتال کراچی میں کیا گیا، رپورٹ کل صبح پولیس کو باقاعدہ طور پر موصول ہوگی۔ سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کی عمرکے تعین کے لیے ٹیسٹ کرانیکا حکم دیا تھا۔ لڑکی کے والد مہدی کاظمی کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ دعا کے برتھ سرٹیفکیٹ میں تاریخ پیدائش27 اپریل2008ء درج ہے، اس وقت دعا کی عمر 14 سال اور کچھ دن ہے۔ جسٹس جنید غفار نے ریمارکس دیے کہ ابھی لڑکی بیان دے گی تو اغوا کا مقدمہ ختم ہو جائیگا، دعا زہرہ نے عدالت میں بتایا کہ میرا نام دعا زہرہ اور والد کا نام مہدی کاظمی ہے، جس پر عدالت نے پوچھا کہ آپ کی عمرکیا ہے؟ دعا نے بتایا کہ عمر 18 سال ہے اور اپنے شوہر ظہیر کے ساتھ رہتی ہوں۔ سندھ ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ آپ کے والد نے کہا ہے کہ ظہیر نے آپ کو زبردستی اغوا کیا؟ جس پر دعا نے بتایا کہ نہیں مجھے اغوا نہیں کیا گیا۔ جسٹس جنید غفار نے ریمارکس دیے کہ بچی ہمارے سامنے کھڑی ہے وہ خود کہہ رہی ہے کہ اغوا نہیں کیاگیا، والدین کھڑے ہیں اور پریشان ہیں مگر ہم نے قانون کو دیکھنا ہے، اگر لڑکی ملنا نہیں چاہتی تو ہم کیسے زبردستی کرسکتے ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرہ کی عمر کے تعین کے لیے 2 روز میں طبی ٹیسٹ کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 8 جون تک ملتوی کردی تھی اور لڑکی کو شیلٹر ہوم بھیجنے کی ہدایت کی تھی۔


