گوادر، ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کیخلاف سول سوسائٹی کا دھرنا
گوادر (بیورو رپورٹ) گوادر کراچی کوچ ٹرانسپورٹ میں کرایوں میں اضافہ کیخلاف تنازع، خواتین مسافر کو راستے میں اتارنے پر سول سوسائٹی اور عوام کا احتجاج۔ ٹرانسپورٹ کمپنی آفس کے سامنے احتجاج اور احتجاجی کیمپ قائم کردیا گیا۔ ٹرانسپورٹ کمپنیوں احتجاجاََ گوادر کراچی سروس معطل کردی، کوئی بھی کوچ کراچی روانہ نہیں ہوسکی۔ ٹرانسپورٹ یونین کے صدر اقبال شاہ زئی کی پریس کانفرنس۔ نقصان ہوا تو ذمہ داران کیخلاف مقدمہ دائر کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے اجلاس طلب کرلیا۔ گوادر کراچی کوچ ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کرتے ہوئے مکران کوسٹل ہائی وے روٹ کیلئے دو ہزار روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا، جس پر شدید عوامی ردعمل آیا، بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ روز کراچی سے آنیوالے مسافروں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے کم کرایہ ادائیگی پر بھوانی کے قریب اتارا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس پر عوامی ردعمل سامنے آیا۔ سول سوسائٹی اور عوام کی طرف سے مذکورہ ٹرانسپورٹ آفس کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ تاہم معاملہ اور تنازع اس وقت شدت اختیار کرگیا جب ٹرانسپورٹ یونین کے صدر اقبال شاہ زئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سخت لہجہ استعمال کیا اور تمام کوچ ٹرانسپورٹرز کو حکم جاری کیا کہ وہ بسیں احتجاجاََ محمد بزنجو اور جلال میاہ کے گھروں کے سامنے کھڑی کردیں، جس پر عمل کرتے ہوئے بسیں محمد بزنجو اور جلال میاہ کے گھروں کے سامنے کھڑی کی گئیں، تاہم ضلعی انتظامیہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اطہر عباس کی سرپرستی میں کارروائی اور شہر سے باہر منتقل کرنے کا حکم دیا جبکہ ٹرانسپورٹرز نے احتجاجاً گوادر کراچی سروس بند کرنے کا اعلان کردیا، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جمعہ کے دن بھی مذکورہ ٹرانسپورٹ کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا جس میں نومنتخب کونسلروں سمیت عوام اور سیاسی پارٹیوں کے مقامی رہنماؤں نے شرکت کی۔


