بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، ناقص اشیاء کی فروخت پر جرمانے، ممنوعہ اشیاء تلف
پشین، سوراب (انتخاب نیوز) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے کوئٹہ، پشین ہائی وے اور پشین شہر میں ناقص خوراک کی فراہمی پر کارروائی کرتے ہوئے جانوروں کی آلائشوں سے مضر صحت گھی بنانے والا ایک یونٹ سیل جبکہ زائد المیعاد اشیاء خورونوش کی فروخت اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 12 مختلف مراکز پر جرمانے عائد کردیے۔ بی ایف اے حکام کے مطابق زائد المیعاد کولڈرنکس، مصالحے، پیکٹ دودھ اور مضر صحت کلرز برآمد ہونے پر 5 جنرل اسٹورز کو جرمانہ کیا گیا، 3 بیکریوں کے خلاف صفائی کی خراب صورتحال، باسی مٹھائیوں اور کیمیکل ملا دودھ و دہی فروخت کرنے جبکہ باسی و بدبودار گوشت رکھنے، دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے اور گندگی پر 2 میٹ شاپس کیخلاف ایکشن لیا گیا۔ دوران معائنہ1 مصالحہ شاپ سے بڑی مقدار میں ممنوعہ چائنیز نمک برآمد جبکہ 1 ہوٹل میں صفائی کی صورتحال ناقص اور استعمال شدہ و خراب کوکنگ آئل دوبارہ استعمال کیا جارہا تھا۔ مراکز سے ضبط کردہ ناقص، زائد المعیاد و ممنوعہ اشیاء موقع پر تلف کردی گئیں۔ مزید برآں بلوچستان فوڈ اتھارٹی زونل ٹیم نے سوراب میں جنرل اسٹورز، ہوٹلوں، نان شاپس اور گوشت کی دکانوں کی چیکنگ کی اور 4 ہوٹلوں پر جرمانے عائد کیے، ہوٹلوں کے خلاف گزشتہ ہدایات کے باوجود صفائی کے انتظامات بہتر نہ کرنے، ورکرز کی ذاتی صفائی کی بری حالت اور باسی کھانے برآمد ہونے پر ایکشن لیا گیا۔ بی ایف اے حکام کی جانب سے ہوٹل مالکان و ورکرز کو صفائی کی صورتحال ترجیحی بنیادوں پر بہتر کرنے اور بی ایف اے کی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی،علاوہ ازیں معمولی نقائص پر 6 دیگر کھانے پینے کے مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ بلوچستان بھر میں غیر معیاری و مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء تیار و فروخت کرنے والوں کی ہر سطح پر بلاامتیاز حوصلہ شکنی کی جائیگی اور اس مقصد کے حصول کیلئے بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں شب و روز مصروف عمل ہیں۔


