امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان کی وائٹ ہاﺅس میں صدر جوبائیڈن سے ملاقات

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے وائٹ ہاو¿س کے دورے کے دوران صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی جہاں دونوں نے پاک امریکا تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے مضبوط بنیاد تشکیل دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکا میں پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق مسعود خان نے امریکی صدر کے ساتھ ملاقات و مبارکباد اور ایک سرکاری تصویر کے لیے وائٹ ہاو¿س کا دورہ کیا جو نئے تعینات ہونے والے سفیروں کے لیے مروجہ روایت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ تقریب کے دوران امریکی صدر اور سفیر نے امریکا اور پاکستان کے مابین تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک مضبوط بنیاد تشکیل دینے پر مختصر بات چیت کی۔ امریکی حکومت ایک روایت کی پیروی کرتی ہے جس کے تحت واشنگٹن میں نئے سفیروں کے تقرر کے بعد وائٹ ہاو¿س میں ایک تقریب منعقد کی جاتی ہے جہاں نئے سفیر اپنے تقرر کی تصدیق کے لیے سربراہ مملکت کو اپنی اسناد پیش کرتے ہیں۔ مسعود خان کو 25 مارچ کو اس وقت واشنگٹن بھیجا گیا تھا جب پی ٹی آئی حکومت اقتدار میں تھی لیکن 11 اپریل کو سابق وزیراعظم عمران خان کی برطرفی کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ اسلام آباد میں تبدیلی سے سفارتی تعیناتیوں پر بھی اثر پڑے گا۔ بعد ازاں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب سفیر منیر اکرم نے وضاحت کی تھی کہ موجودہ سفیر اس وقت تک غیر ملکی دارالحکومتوں میں ملک کی نمائندگی کرتے رہتے ہیں جب تک کہ نئی حکومت کی طرف سے خصوصی طور پر وطن واپس جانے کے لیے نہ کہا جائے، چنانچہ سفیر مسعود خان اور نہ ہی مندوب منیر اکرم سے ایسا کرنے کو کہا گیا۔ واشنگٹن پہنچنے پر مسعود خان کو امریکی محکمہ خارجہ کے چیف آف پروٹوکول کی طرف سے ایک خط موصول ہوا تھا جس میں ان کی واشنگٹن میں پاکستان کے ‘ورکنگ ایمبیسیڈر’ کے طور پر تقرر کی توثیق کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں