نوشکی، کمیونٹی و سرکاری ٹیوب ویلز کے بجلی کنکشن منقطع، فراہمی آب کا نظام معطل

نوشکی (نامہ نگار) کمیونٹی و سرکاری ٹیوب ویلز کے بجلی کنکشنز عدم ادائیگی کے باعث منقطع، عوام کو پانی کی فراہمی معطل، شدید گرمی میں عوام پریشان، عوامی نمائندے خاموش تماشائی۔ ضلع نوشکی میں عوام کو پانی فراہم کرنے والے درجنوں آب نوشی اسکیمات کے بجلی کنکشنز کیسکو حکام نے عدم ادائیگی کے باعث منقطع کردیے، گزشتہ کئی دنوں سے گھروں، دکانوں، دفاتر اور مساجد و تعلیمی اداروں اور مراکز صحت کو پانی کی سپلائی معطل ہے۔ شدید گرمی میں علاقہ مکین پانی کی قلت سے دوچار ہیں۔ مہنگائی کے دور میں غریب شہری ٹینکر مافیاءکے رحم و کرم پر ہیں اور ہزاروں روپے دے کر پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ نوشکی بلوچستان کا لاوارث ترین ضلع ہیں ہمارے عوامی نمائندے عوامی مسائل اور عوام کی حالت زار سے اپنے آپ کو مکمل طور پر لاتعلق کرکے تمام تر توجہ ٹھیکوں کی بندر بانٹ اور کمیشن پر مرکوز کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی کا تعلق اسی ڈویژن سے ہیں مگر عوام کی حالت چراغ تلے اندھیرے کی ہے۔ عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سیکرٹری پی ایچ ای اور کیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ اس شدید گرمی میں عوامی مشکلات کو مدنظر رکھ کر فوری طور پر آب نوشی اسکیمات کی بجلی بحال کی جائے اور عوام کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر لوگ سڑکوں پر آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں