بلوچستان کے معاشی حالات ٹھیک کرنے کیلئے وفاق تعاون کررہا ہے، مولانا واسع

کوئٹہ (انتخاب نیوز) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ سابق حکومت کی بدترین معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک معاشی حالات سے دوچار ہے اگر سابقہ حکومت اچھے فیصلے کرتی تو آج یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی، بجٹ میں غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، بلوچستان کے معاشی حالات کو ٹھیک کرنے کے لئے وفاق ہر قسم کے تعاون کرنے کیلئے تیار ہے اور وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے با ت چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلا م کوئٹہ اور لسبیلہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی کیونکہ جس طرح بلوچستان کے عوام نے جمعیت علما اسلام پر اعتماد کا اظہار کیا اسی طرح اگست میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی جمعیت علما اسلام کامیابی سے ہمکنار ہونگے انہوں نے کہاکہ مشکل فیصلو ں کے بعد اچھا وقت بھی آئے گا مشکل فیصلے ہماری مجبوری ہے ہم محنت سے کام کرینگے اور نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہے انہوں نے کہاکہ سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا خود ہی ا س کی دھجیا ں اڑائی گئی معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کی وجہ سے آج معاشی مشکلات درپیش ہے ہم روز محنت کے ذریعے اس قوم کو مشکل وقت سے نکالیں گے، انہوں نے کہاکہ غریب عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا گیا ہے جبکہ امیر طبقے پر ٹیکس بڑھانے کیلئے بہت سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں ملک کا امیر طبقہ زیادہ ٹیکس دیکر حکومت کا ساتھ دے گا اس طرح حکومت زیادہ ٹیکس جمع کرکے غریبو ں پر خرچ کرینگے ملک کی معاشی حالات بہتر کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے،انہوں نے افغانستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے سے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا کہ جمعیت علما اسلام اس غمزدہ گھڑی میں افغانستا ن کے عوام کے ساتھ ہے اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں