گوانتا نامو بے جیل میں قید افغانستان کا شہری افغان حکومت کے حوالے
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ نے گوانتاناموبے جیل سے افغان شہری کو رہا کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان امارت اسلامیہ افغانستان نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ امریکہ نے افغان شہری اسد اللہ ہارون کو جیل گوانتانامو بے سے رہا کر کے امارت اسلامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کی کوششوں کے نتیجے میں آج ہم گوانتانامو جیل سے اسد اللہ ہارون کی رہائی اور برسوں بعد ان کے خاندان کے ساتھ دوبارہ ملنے کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم اس سلسلے میں زمین ہموار کرنے پر اپنے برادر ملک قطر کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہیں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ براہ راست اور مثبت بات چیت کے نتیجے میں گوانتانامو بے میں قید 2 قیدیوں میں سے ایک کی رہائی عمل میں آئی ہے۔انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ آئی ای اے دوسرے ممالک میں زیر حراست افغانوں کی رہائی کو اپنا فرض سمجھتا ہے، اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے کہ کسی بھی ملک میں کوئی افغان مظلوم نہ رہے۔ ہم ان چند ممالک سے رابطے میں ہیں جہاں افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان کی جلد رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔


