نیب نے چوہدری برادران کی تنقید کو پراپیگنڈہ قرار دے دیا

لاہور:قومی احتساب بیورو (نیب)نے چوہدری برادران کی تنقید کوادارے کیخلاف پراپگنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام پرانے مقدمات میں معمول کی انکوائری جاری ہے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی کے مطابق چوہدری برادران کی جانب سے تنقید کے ردعمل میں نیب نے چوہدری برادران کے مقدمات کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کردیا، ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ نیب کیخلاف پراپگنڈہ انتہائی حیران کن اور باعث تشویش ہے۔چوہدری برادران کے مبینہ مقدمات کی بنیاد پر نیب کیخلاف پراپگنڈہ کیا جا رہا، چیئرمین نیب نے چوہدری برادران کے مقدمات پر تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ چیئرمین نیب نے ایسا کوئی حکم نہیں جاری کیا جسکے خلاف قانونی چارہ جوئی ہو سکے، تمام پرانے مقدمات میں معمول کی انکوائری جاری ہے اور پرانے مقدمات کو غیر معینہ مدت تک الماریوں کی زینت نہیں بنایا جا سکتا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ نیب انسداد بدعنوانی کا ایک قومی ادارہ ہے نیب کا کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے تعلق نہیں، نیب اور نیب افسران کا تعلق صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے، نیب قانون کے مطابق ہر شخص کی عزت نفس کا خیال رکھنے پر سختی سے یقین رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں