مسجد اقصیٰ میں جاری کھدائی کے نتائج کی ذمہ صداری صہیونی ریاست پر ہوگی، حماس
بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)نے اسرائیلی ریاست کی طرف سے بدنیتی پر مبنی نوآبادیاتی منصوبوں کو روکنے اور القدس اور قبلہ اول کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔حماس کا کہنا ہے کہ القدس اور مسجد اقصیٰ پورے عالم اسلام کے لیے سرخ لکیر ہیں۔ مسجد اقصیٰ رسول اللہ ؐ کے سفر معراج کا مقدس مقام اور مسلمانوں کے لیے قبلہ اول ہے۔ ایک بیان میں حماس نے القدس میں دیوار البراق اور اموی محلات کے علاقوں میں جاری کھدائی کے نتائج کی تمام ذمہ داری صہیونی ریاست پر عائد کی۔ ان کھدائیوں کو مسجد اقصیٰ کی بنیادوں اور دیواروں کے لیے براہ راست خطرہ اور القدس کے اسلامی اور تاریخی شہر کے نشانات کو مٹانے کی کوشش قرار دیا جاتا ہے۔حماس نے عرب لیگ، اسلامی تعاون کی تنظیم اور مسجد الاقصی کی سرپرستی کرنے والی ہاشمی سلطنت اردن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان مذموم نوآبادیاتی منصوبوں کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کریں تاکہ الاقصیٰ کی حفاظت کی جاسکے۔


