انقلاب طوائف اور میراثیوں کے ناچنے سے نہیں آتے، حافظ حمد اللہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور جمعیت علمااسلام کے مرکزی رہنما ء مولانا حافظ حمداللہ نے کہاہے کہ عمران نیازی نے ملک کی معیشت سمیت دفاع اور سلامتی کو بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے داؤ پر لگایا، کل تک امریکہ کے تلوے چاٹنے والے آج امریکہ مخالف نعرہ لگا کر اپنے مردہ سیاسی گھوڑے میں جان ڈالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، قوم کو بے وقوف بنانے کا دور گزر چکا ہے، وقت آچکا ہے کہ انکے ہر جھوٹ کا حساب لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبا اسلام ضلع سوراب کے زیر اہتمام منعقدہ عظیم الشان حقوق طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے جمعیت طلبا اسلام کے مرکزی صدر ہدایت اللہ پیرزادہ جمیعت علماء اسلام ضلع سوراب کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن ساسولی، مولانا غلام رسول، ڈاکٹر محمد ایوب رودینی، جلال شاہ اخوندزادہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب طوائف اور میراثیوں کے ناچنے سے نہیں خون پسینہ بہاکر لایا جاتا ہے، عوام کی صفوں میں ذلیل اور رسوا ہونے کے بعد ٹک ٹاک میراثیوں کا سہارا لینے والا سیاسی یتیم سیاسی کیریئر کی آخری ہچکیاں لے رہا ہے، انکا ذلت آمیز انجام ان کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت طلبا اسلام دینی مدارس اور عصری اداروں کے طلبا سمیت معاشرے کے صالح نوجوانوں کا باکردار قافلہ ہے، تمام طلبہ اور نوجوان تنظیم کے پلیٹ فارم پر متحد ہوکر اسلامی معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں