دو بھائیوں کو قربان کرنیوالا انسپکٹر پولیس افسران کے رویئے سے مایوس، ریٹائرمنٹ کی درخواست دیدی
کراچی (انتخاب نیوز) ملک و قوم کی خاطر دو بھائیوں کی قربانی دینے والے پولیس انسپکٹر نے مایوس ہوکر محکمہ پولیس کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا، ریٹائرمنٹ کیلئے ایس ایس پی کورنگی کو درخواست ارسال کردی، انسپکٹر سعادت احمد بٹ کے مطابق ان کے دو بھائیوں نے پولیس سروس میں ملک و قوم کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کیں جس کے بعد وہ شہید کوٹہ پر 1995 میں بطور اے ایس آئی پولیس میں بھرتی ہوئےاور امتحانات کے مراحل سے گزرتے ہوئے ایس ایچ او کی پوسٹ تک کا سفر طے کیا، انھوں نے کہا کہ لانڈھی میں پوسٹنگ کے دوران ڈاکوئوں سے مقابلہ کرتے ہوئے گولی بھی کھائی لیکن اپنے فرض سے پیچھے نہیں ہٹا، سعادت احمد بٹ کے مطابق ایمانداری سے ڈیوٹی کے باوجود ان کی دو سال کی سروس بطور سزا کم کردی گئی، اپیل دائر کرنے کے بعد ڈی آئی جی کے سامنے پیشی ہونے کے باوجود ان کی اپیل مسترد کردی گئی، پولیس افسر کے مطابق اگر وہ بھی محکمہ کیلئے جان قربان کردے گا تو محکمہ کو کوئی فرق نہیں پڑے گا البتہ ان کی بوڑھی ماں یہ صدمہ برداشت نہیں کرپائے گی، کیونکہ ان کا والد دو جوان بیٹوں کا بوجھ اٹھاتے اٹھاتے فانی دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں، پولیس افسر کے مطابق وہ دونوں بھائیوں کے بچوں، والدہ اور اپنے بچوں کے واحد کفیل ہیںاور وہ اب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ریٹائرمنٹ لے لیں.


