گنداواہ، خونی تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی، صحبت پور میں سبزی فروش قتل، لواحقین کا سندھ بلوچستان شاہراہ پر احتجاج
گنداواہ، صحبت پور (ویب ڈیسک) گنداواہ کے گوٹھ راہوجہ میں خونی تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تصادم ڈیتھہ برادری اور راہوجہ برادری کے درمیان پیش آیا، جس میں ڈیتھہ برادری کے عبدالقادر ولد محمد رمضان اور جان محمد ولد گل محمد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ واقعے میں بدل خان ولد محمد شعبان، فضل محمد ولد گل محمد اور میر حسن ولد پہلوان زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ڈیتھہ برادری سے ہے۔ دوسری جانب صحبت پور: پنہور سنہڑی میں فائرنگ سے سبزی فروش جاں بحق ہوگیا۔ سبزی فروش کے قتل کیخلاف ورثا کا لاش کے ہمراہ احتجاج، سندھ بلوچستان شاہراہ بند کردی، مظاہرین قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کررہے تھے۔ پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کرتے ہوئے شاہراہ ٹریفک کیلئے بحال کردی۔


