کوئٹہ،معمولی جھگڑے پر فائرنگ ، گولیاں لگنے سے ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا
کوئٹہ (ویب دیسک)کوئٹہ ، نواں کلی کے علاقے معمولی جھگڑے پر فائرنگ ، گولیاں لگنے سے ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، ایس ایچ او زرغون آباد تھانہ ناصر اعوان کے مطابق کوئٹہ میں فائرنگ کا واقعہ نواں کلی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں 2 نوجوان لڑکے ایک باغ میں داخل ہوئے اور باغ میں کام کرنیوالے ملازمین سے انگور مانگے، ملازمین نے انگور دینے سے انکار کیا اور کہا کہ باغ کے مالک اور ٹھیکیدار کی اجازت کے بغیر وہ کسی کو بھی انگور نہیں دے سکتے۔انگور نہ دینے کی معمولی بات پر نوجوان غصے میں وہاں سے چلے گئے تاہم کچھ دیر بعد وہ ایک اور ساتھی کے ساتھ دوبارہ باغ میں داخل ہوئے اور ایک بار پھر انگور دینے کا مطالبہ کیا، انکار پر تینوں نوجوان باغ کے ملازمین سے جھگڑا پڑے، پہلے ہاتھا پائی ہوئی، جس کے بعد ملزمان نے فائرنگ کردی۔پولیس کے مطابق گولیاں لگنے سے خان محمد جاں بحق جبکہ نثار محمد زخمی ہوگیا۔ایس ایچ او کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونیوالے سگے بھائی ہیں۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔


