پیپلز پارٹی کی سندھ دشمنی کو تاریخ میں لکھا جائے گا، خرم شیر زمان


کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ دشمنی کو تاریخ میں لکھا جائے گا۔ ان کو کورونا سے بڑی محبت ہے سندھ کی عوام پوچھتی ہے جتنی فکر کورونا پر ہے اتنی فکر سندھ کے دیگر مسائل پر ہوتی تو آج سندھ کے بچے بھوک سے اور کتوں کے کاٹنے سے نہ مررہے ہوتے۔ لاڑکانہ کا ذیشان سندھ کا بیٹا تڑپ تڑپ کر مرگیا۔انصاف ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے وقت کیا فیصلہ وفاق سے پوچھ کر گیا تھا۔ کورونا کا سندھ حکومت کی وجہ سے نقصان سندھ کی عوام کو ہوا۔ جو مرتا ہے اسے کورونا کا شکار دکھادیتے ہیں۔ یہاں پر صرف نفرتیں پھیلائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا میڈیا چینلز کے خلاف ایک مہم چلائی جارہی ہے۔ میڈیا چینلز کو بھی سندھ دشمن کہا جارہا ہے۔ وزیر اعلی کی پریس کانفرنس جھوٹ پر مبنی تھی۔ وزیر اعظم نے تمام صوبوں کو فیصلوں کا حق دیا ہے۔ پنجاب، بلوچستان نے اپنا فیصلہ خود کیا ہے۔ وزیراعلی براہ راست سندھ سے دشمنی کررہے ہیں۔ سندھ کی مارکیٹیں ایس او پی بناکر فوری کھولی جائیں۔ وزیر اعلی ابھی تک ایس او پی تک نہیں بناسکے۔تحریک انصاف کے رہنما عالمگیر خان نے کہا کہ کراچی میں سب سے بڑا مسئلہ اس وقت پانی کا ہے۔ ہمارے حلقوں میں سیاسی بنیاد پر پانی روک دیا گیا ہے۔ لائنوں میں پانی نہیں آرہا مگر ٹینکر مافیا سرگرم ہے۔ سندھ حکومت ایس او پیز بنانے میں ناکام ہوچکی۔ ہمارے حلقوں میں جگہ جگہ غیرقانونی تعمیرات شروع ہوچکی ہے۔ گرانڈ پر سندھ حکومت کا کوئی ادارہ موجود نہیں۔ ان کے پاس ادارے چلانے کے لیے کوئی پلاننگ نہیں۔