امریکی سفیر کی خرم دستگیر سے ملاقات، توانائی منصوبوں میں شرکت کی دعوت
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے وفاقی وزیر برائے بجلی انجینئر خرم دستگیر خان سے ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔وزیر نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفیر کی تقرری پاک امریکہ تعلقات کے لیے درست سمت میں ایک قدم ہے، انہوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ شراکت داری کو بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔خرم دستگیر نے امریکی کمپنیوں کو موجودہ حکومت کے شمسی توانائی کے منصوبوں میں حصہ لینے کی دعوت دی۔ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے حکومتی عزم کے مطابق سولر پالیسی کا اجرا اگلے ماہ کیا جائے گا۔سفیر نے پاک امریکہ تعلقات کے مستقبل کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور وسیع تر بنیادوں پر تعلقات کو مضبوط بنانے کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ امریکہ توانائی، زراعت اور ڈیجیٹل شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔


