عمران خان استعفا دے کر پارٹی نظریاتی کارکنوں کے حوالے کردیں، اکبر ایس بابر
اسلام آباد(انتخاب نیوز) الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ الزامات ثابت ہو جانے کے بعد عمران خان فوری طور پر استعفا دے دیں۔اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ یہ ایک آئی اوپنر کیس ہے۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے، فرد جرم عائد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام الزامات ثابت ہو چکے ہیں، جس کے بعد میں سمجھتا ہوں کہ پی ٹی آئی میں رجیم چینج ہونا چاہیے۔اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سنائے جانے والے بڑے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کو نظریاتی کارکنوں کے حوالے کردینا چاہیے اور اب کو ئی جواز باقی نہیں رہتا کہ عمران خان استعفا نہ دیں۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ یہ حق اور باطل کے درمیان جنگ تھی اور اس میں سچائی سرخرو ہوئی ہے۔


