پنجاب اور سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے،عالمی ادارہ صحت

جنیوا:عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبر دار کیا ہے کہ پاکستان میں 10 اپریل سے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، آبادی کے لحاظ سیسب سے زیادہ کیسز اسلام آباد میں ہیں جس کے بعد سندھ اور گلگت بلتستان، بلوچستان کا تیسرا اور خیبرپختونخوا کا چوتھا نمبر، پنجاب اور آزاد کشمیر کا پانچواں نمبر ہے۔اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستان میں کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 10 اپریل سے کورونا کیسز کی تعداد مختصر وقفے کے ساتھ مسلسل بڑھ رہی ہے اور 9 مئی کو تقریباً 2000کیسز رپورٹ کیے گئے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق 10 لاکھ آبادی کے لحاظ سے کیسز کی تعداد دیکھی جائے تو سب سے زیادہ کیسز اسلام آباد میں ہیں جس کے بعد سندھ اور گلگت بلتستان میں اوسط تعداد تقریباً ایک جیسی ہے جب کہ بلوچستان کا تیسرا اور خیبرپختونخوا کا چوتھا نمبر ہے جس کے بعد پنجاب اور آزاد کشمیر کا نمبر ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار میں متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے بتایا گیا ہے کہ ملک کے تمام صوبوں میں کیسز بڑھ رہے ہیں تاہم یکم مئی سے پنجاب اور سندھ میں کیسز کی تعداد زیادہ تیزی سے بڑھی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے سب سے کم ٹیسٹ آزاد کشمیر میں کیے گئے ہیں۔اموات کے لحاظ سے خیبرپختونخوا پہلے، پنجاب دوسرے اور سندھ تیسرے نمبر پر ہے جب کہ بلوچستان کا چوتھا، اسلام آباد کا پانچواں اور گلگت بلتستان کا چھٹا نمبر ہے۔ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ اس کے عملے نے پنجاب کے 6 اضلاع میں ریپیڈ ریسپانس ٹیم کو تربیت فراہم کی ہے جب کہ پاکستان میں امداد کے لیے 21.5 ملین ڈالر کی ضرورت محسوس کی گئی ہے جس میں 17.3 ملین ڈالر کی کمی کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں