غوث بخش بزنجو کے افکار پر تعمیری و شعوری جدوجہد کررہے ہیں، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ کی زیر صدرات کوئٹہ میں موجود مرکزی کابینہ و کمیٹی ممبران وصوبائی کابینہ و ممبران ورکنگ کمیٹی اور ضلع کوئٹہ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کو عظیم جدوجہد پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور فیصلہ ہوا کل 12 اگست کو عالمی یوم نوجوانان کے موقع پر تقریب بنام میر غوث بخش بزنجو منعقد کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ 20 اگست کو میر جمہوریت میر حاصل بزنجو کی برسی کے موقع پر کوئٹہ میں تقریب منعقد کیا جائے گا۔اجلاس میں نامور سیاسی شخصیت طاہر خان ہزارہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ ضلع صدر کوئٹہ حاجی عطاء محمد بنگلزئی مرکزی خواتین سیکرٹری یاسمین لہڑی نے کہا کہ میر غوث بخش بزنجو خطے کی سیاست کے سرخیل رہنماؤں میں سے تھے ان کی سیاسی بصیرت و دوراندیشی سے ان کے مخالفین بھی قائل تھے۔نیشنل پارٹی میر غوث بخش بزنجو کی افکار پر کاربند رہ کر تعمیری و شعوری جدوجہد کررہی ہے۔قائدین نے کہا کہ لاپتہ افراد ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جو ترجیحی بنیادوں پر حل ہونا چاہیے لیکن افسوس ہے بلوچستان کو آج بھی کسی اور انداز سے دیکھا جارہا ہے۔ طاقت و منفی پالیسیاں معاشرے کو مزید تباہی کے دہانے پر لے جائیں گی۔ اس لیے بلوچستان میں سیاسی بات چیت کے عمل کا آغاز کرنا چاہیے اور جعلی مقابلوں کے ذریعے لاپتہ افراد کی لاشیں پھینکنے کے منفی عمل کو بند کرنا چائیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سنگین نوعیت کے بحرانوں میں مبتلا ہے۔ لاپتہ افراد کے لواحقین کا دھرنا، اساتذہ کی بھوک ہڑتالی کیمپ، کمیونٹی ٹیچرز،فزیو تھراپسٹ کا کیمپ سمیت درجنوں کیمپ لگے ہوئے ہیں لیکن حکومت نے چشم پوشی اختیار کی۔جو قابل افسوس امر ہے انہوں نے کہا کہ بارشوں و سیلابی ریلوں سے ہزاروں گھرانے متاثر ہوچکے ہیں۔سینکڑوں افراد جاں بحق ہوئے لیکن مجال ہے بلوچستان حکومت کوئی ریلیف فراہم کرسکے۔ پوری بلوچستان اسمبلی حکومت میں ہیں اور مزے لے رہی ہے لیکن عوام سے ان کو کوئی سروکار نہیں۔اجلاس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی ریسرچ اینڈ ایڈوکیسی سیکرٹری آغا گل مرکزی قانون سیکرٹری راحب بلیدی ممبران مرکزی کمیٹی نیاز بلوچ محراب بلوچ میران بلوچ صوبائی ترجمان علی احمد لانگو صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی عبدالصمد بلوچ صوبائی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد بلوچ صوبائی فنانس سیکرٹری عبید لاشاری صوبائی یوتھ سیکرٹری نعیم بنگلزئی صوبائی قانون سیکرٹری جلیل ایڈوکیٹ بی ایس او پجار کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ابرار برکت ممبر مرکزی کمیٹی ڈاکٹر طارق بلوچ نیشنل پارٹی کے ممبران ورکنگ کمیٹی انیل مسیح ظفر بلوچ محمود رند خدائے رحیم لہڑی محمد خان سیلاچی صدیق کیھتران ضلع نائب صدر حنیف کاکڑ ضلعی جنرل سیکرٹری ریاض زہری سعید سمالانی یونس بلوچ ڈاکٹر رمضان ہزارہ میر غفار قمبرانی سمیت دیگر نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں