افغانستان سے فوجی انخلا بڑی غلطی، دوحہ معاہدہ شکست کی وجہ بنا، سابق امریکی سپہ سالار

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سینٹ کام کے سابق سربراہ جنرل کنیتھ مکینزی کا کہنا ہے کہ دوحہ امن عمل اور دوحہ معاہدہ افغانستان میں شکست کی وجہ بنے۔ امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل کنیتھ میکنزی نے کہا کہ افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا غلطی تھی لیکن افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا میرا فیصلہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ میری رائے میں امریکی افواج کو افغانستان میں رکنا چاہیے تھا، میرا کہنا تھا کہ 2500 امریکی فوجی اہلکاروں کا ایک ساتھ مکمل انخلا ٹھیک نہیں ہے کیونکہ مجھے خدشہ تھا کہ امریکی فوج ہٹے گی تو افغان حکومت گر جائے گی۔ امریکی سینٹ کام کے سابق سربراہ نے کہا کہ افغانستان میں شکست کی سب سے اہم وجہ دوحہ امن عمل اور دوحہ معاہدے بنے، افغان حکومت کو ہمارے جانے کا یقین ہو گیا تھا جو ان کی شکست کا سبب بنا۔جنرل کییتھ مکینزی نے کہا کہ شکست کا الزام افغانستان میں موجود امریکی کمانڈروں پر لگانا آسان ہے تاہم حقیقت میں یہ افغان اور امریکی حکومت کی ناکامی تھی۔القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے حوالے سے جنرل کنیتھ مکینزی نے کہاکہ اسامہ بن لادن کو 2002-01ء میں پکڑنیکا موقع ملا تھا تاہم ہم نے ایسا نہیں کیا، ہم نے پاکستان میں طالبان کی محفوظ پناہ گاہوں کا مسئلہ کبھی بھی تسلی بخش طریقے سے حل نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں