ہمارے نوجوان اور بچے اس ملک کےلئے مر مٹنے کو تیار ہیں،مریم اور نگزیب
اسلام آباد(انتخاب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان اور بچے پاکستان کےلئے مر مٹنے کو تیار ہیں،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو آئین دیا، نواز شریف نے وفاق کی تمام اکائیوں کو کنیکٹیویٹی کے ذریعے جوڑا، موٹر وے دی اور ہر دباﺅ کے باوجود ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا،اقلیتوں کے پاکستان کی آزادی اور ملکی ترقی میں کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ قومی پرچم کو پینٹنگ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان کی پوری قوم 75 سالہ ڈائمنڈ جوبلی منانے کے لئے اکٹھی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ڈی چوک ہمیشہ احتجاج کیلئے استعمال ہوا ہے تاہم چاروں صوبوں کی پولیس کے دستوں نے یہاں مارچ پاسٹ پیش کر کے قومی یکجہتی کا ثبوت دیا۔ انہوںنے کہاکہ نوجوان، پارلیمان، عدلیہ، وزیراعظم ہاﺅس، صدر ہاﺅس کے ساتھ ڈی چوک پر پاکستان کا نوجوان پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ، وزارت داخلہ، آئی جی پولیس اسلام آباد اور چاروں صوبوں نے اپنے پولیس کے جوانوں کو یہاں مارچ پاسٹ کے لئے بھیجا جو ایک خوش آئند امر ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب چاروں صوبوں کی پولیس کے دستے شاہراہ دستور پر پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منانے کے لئے اکٹھے ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ سکولوں کے بچوں نے قومی پرچم تیار کرنے کے لئے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے نوجوان اور بچے پاکستان کےلئے مر مٹنے کو تیار ہیں، یہی جذبہ 1947ءمیں تھا۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج اور پولیس دن رات ہماری حفاظت پر مامور ہیں،جب بھی ملک میں جمہوری دور ہوا اس کے ثمرات پاکستان کے عوام کو ملے۔ انہوںنے کہاکہ قائداعظم نے کہا تھا کہ جمہوریت اس ملک کا مستقبل ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو آئین دیا، نواز شریف نے وفاق کی تمام اکائیوں کو کنیکٹیویٹی کے ذریعے جوڑا، موٹر وے دی۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے ذوالفقار علی بھٹو کا شروع کیا گیا ایٹمی پروگرام پایہ تکمیل کو پہنچایا۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے ہر دباﺅ کے باوجود ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ انہوںنے کہاکہ ایٹمی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے تمام سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شہباز شریف نے پنجاب کے صوبے کو ملک کی تمام صوبائی اکائیوں کے ساتھ جوڑا۔ انہوںنے کہاکہ 2013ءسے 2018ءتک مسلم لیگ (ن) کے دور میں نواز شریف نے ملک سے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، ملکی ترقی کو 6 فیصد تک پہنچایا۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے احتساب کے عمل کا آغاز اپنی ذات سے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ 9 سال گزرنے کے بعد بھی جمہوری قیادت سرخرو ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہی وہ ثمرات ہیں جو کبھی ایٹمی قوت، آئین، فور جی، یوتھ پروگرام، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی شکل میں جمہوری دور کے باعث ملے۔ انہوںنے کہاکہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے والے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مسلح افواج، پولیس، رینجرز اور ایف سی کے جوانوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، آج ہم سب، ہمارے بچے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ لیاقت علی خان کے بعد وزیراعظم شہباز شریف وہ پہلے وزیراعظم ہوں گے جو کل ری ریکارڈڈ قومی ترانے کا آغاز کریں گے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ میں حصہ لینے والے تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ جاوید جبار اور آئی ایس پی آر نے اہم کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ میں وفاق کی تمام اکائیوں نے بھی حصہ لیا۔ انہوںنے کہاکہ اقلیتوں کے پاکستان کی آزادی اور ملکی ترقی میں کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوںنے کہاکہ جمہوری عمل میں ساتھ دینے والے تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزارت اطلاعات ،سی ڈی اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام پاکستانی پرچم کو پینٹنگ کرنے اور ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔قوم پرچم کو پینٹ کرنے کی تقریب میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف سکولوں کے بچوں نے اپنے ہاتھ سے پاکستانی پرچم کی پینٹنگ کی۔تقریب میں سکولوں کے بچوں کا جوش دیدنی تھا، بچوں نے انتہائی دلچسپی سے پاکستانی پرچم کو پینٹ کیا۔تقریب کے آغاز میں سکول کے بچوں نے پاکستان کا قومی ترانہ گنگنایا، اور گلوکاروں نے ملی نغمے پیش کئے۔ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول میں پولیس اور فرنٹیئر کور کے دستوں نے پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ پریڈ میں اسلام آباد پولیس، پنجاب پولیس، سندھ پولیس، بلوچستان پولیس، خیبر پختونخوا پولیس، پولیس اور فرنٹیئر کور کے دستے موجود تھے۔پولیس فورس اور فرنٹیئر کور کے دستوں نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔اسپیشل سیکورٹی یونٹ سندھ پولیس، کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد پولیس کے دستوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا اور ”اللہ ہو“کا نعرہ بلند کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گذرے۔پریڈ کے بعد اسلام آباد پولیس کے مختلف ڈویڑنز کے ٹریفک ٹرانسپورٹ فلیٹ فلیگ مارچ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گذرے۔تقریب میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما طاہرہ افضل تارڑ، سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن، اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام، گلوکاروں سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔


