اوتھل سے کوئٹہ تا کراچی شاہراہ 3 روز سے بند، سیکڑوں مسافر پریشان
اوتھل (انتخاب نیوز) ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل سے کوئٹہ تا کراچی شاہراہ لنڈا پل سے گزشتہ 3 روزسے ٹریفک معطل، این ایچ اے اور محکمہ بی اینڈ آر لسبیلہ کی جانب سے لنڈا ندی میں متبادل راستہ تاحال بنایا نہ جاسکا، مسافر گاڑیوں میں عورتیں، بچے،بزرگ اور مریض بڑی تعداد میں بارش میں آسمان تلے مجبور ہوکر بے بسی کے عالم میں بیٹھے ہیں تفصیلات۔ اوتھل شہر سے شمال کی جانب تقریباً دو کلومیٹر دور لنڈا ندی میں بنایا گیا متبادل راستہ مشرقی و شمالی جانب پہاڑوں سلسلوں پر مسلسل شدید بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث بہہ جانے سے 3 دنوں سے تاحال ہیوی وہیکل اور مسافر کوچز کے لئے بند ہے جس کی وجہ سے اوتھل سے مین آر سی ڈی شاہراہ کوئٹہ سے کراچی اور اندرون پاکستان جانے اور آنے والی گاڑیاں قومی شاہراہ لنڈا پل سے 3 روزسے ٹریفک معطل ہے۔ شاہراہ پر سینکڑوں گاڑیاں اور ہزاروں مسافر تاحال پھنسے ہوئے سڑک کھلنے کے منتظر ہیں۔ انتظامیہ، این ایچ اے اور محکمہ بی اینڈ آر لسبیلہ کی جانب سے سستی اور اپنے فرائض سے غفلت کے سبب لنڈا ندی میں متبادل راستہ ابھی تک بنایا نہ جاسکا۔ مسافروں نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہ کی فوری بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ تین دن سے پھنسے مسافروں کی مشکلات و پریشانیوں کا ازالہ ہوسکے۔


