خضدار میں بے امنی کے واقعات اور اسلحہ کی نمائش کا نوٹس لیا جائے، نیشنل پارٹی

خضدار (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی و بی ایس او پجار کا خضدار میں حالیہ بدامنی،سیلاب متاثرین کی فوری امداد،اور زمینداروں کے پڑے پیمانے پرنقصانات کا ازالہ کے حوالے سے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ۔ پولیس چیک پوسٹ سنی اور لیویز چیک پوسٹ چککو کو بحال کیا جائے۔احتجاج مظاہرہ سے نیشنل پارٹی خضدار کے ضلعی صدر عبدالحمید بلوچ،بی ایس او پجار کے سی سی ممبر شکیل بلوچ،تحصیل صدر عبدالوہاب غلامانی،تحصیل صدر اورناچ وحید بزنجو،ضلعی رابطہ سیکرٹری ناصر کمال بلوچ،تحصیل جنرل سیکرٹری خلیل الرحمٰن زہری،بی ایس پجار نوید بلوچ اور ملک صدیق حسنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خضدار کے عوام نے امن کی قیام کے لئے بڑی جدوجہد اور قربانیاں دی ہیں۔اس میں خلل ڈالنا یا بے امنی پیدا کرنا کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کچھ عناصر دانستہ یا غیر دانستہ طور پر حالات کو خراب کرنے میں متحرک نظر آتے ہیں اسلحہ کی سر عام نمائش سے عوام میں بے چینی اور تشویش پائی جاتی ہے۔ مختلف تحصیلوں میں بد امنی کی واقعات پیدا ہو رہے ہیں۔خضدار شہر میں اسٹریٹ کرائم بڑھتی جا رہی ہے۔منشیات اور دیگر نشہ آور چیزوں کی کاروبار بلا رکاوٹ جاری ہے۔ان حالات کے پیش نظر نیشنل پارٹی و بی ایس او پجار اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ ان جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے اسلحہ کی نمائش کے بل بوتے پر لوگوں کو زبردستی اٹھانے کے عمل کو بند کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ سنی پولیس چیک پوسٹ اور چککو لیویز پوسٹ کو فوراً بحال کرنے کے اقدامات کی جائے۔ضلع بھر کے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے زمینداروں کے نقصانات کا سروے شروع کرکے امدادی پروگرام کا آغاز کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں